اتراکھنڈ میں چیف منسٹرکے نام پر تجسس برقرار

   

نام کو قطعیت دینے بی جے پی کا آج پھر اجلاس
دہرادون: اتراکھنڈ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی بھلے ہی سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئی ہے، لیکن حکومت سازی سے پہلے وزیر اعلیٰ کے نام پر فیصلہ بہت مشکل ثابت ہو رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا انتخاب کرنے کے لیے اتوار کو طلب کردہ بی جے پی قانون ساز پارٹی کا اجلاس آخری وقت میں ملتوی کر دیا گیا ۔ اب یہ اجلاس کل یعنی 21 مارچ کو ہوگا۔ اتراکھنڈ انتخاب میں جیت کے 10 دنوں بعد بھی کئی دور کی میٹنگوں کے باوجود بی جے پی میں وزیر اعلیٰ کے نام کو لے کر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔ پارٹی میں وزیر اعلیٰ عہدہ کے کئی دعویدار ہونے کے سبب بی جے پی کی اعلیٰ قیادت ابھی تک کسی نام پر فیصلہ نہیں کر پایا ہے۔اس سے پہلے بی جے پی نے اتوار کو اتراکھنڈ میں پارٹی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ طلب کی تھی جس میں نئے وزیر اعلیٰ کے نام پر مہر لگنی تھی۔ خبریں تھیں کہ پیر کو ریاست میں بی جے پی کی نئی حکومت کی حلف برداری ہوگی اور اس سے پہلے اتوار کو وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان ہو جائے گا۔ لیکن آخر وقت میں لگتا ہے کہ بی جے پی میں وزیر اعلیٰ کے نام پر پینچ پھنس گیا ہے، کیونکہ اچانک ہی میٹنگ ملتوی کر دی گئی۔ اب یہ میٹنگ کل ہوگی۔