اتراکھنڈ پسماندہ کمیشن کے وفد کی اترپردیش آمد

   

دہرادون؍ الہ آباد: اتراکھنڈ حکومت کے یک رکنی پسماندہ کمیشن کا وفد پنچایتوں اور بلدیاتی اداروں کے ریزرویشن میں پسماندہ طبقات کی نمائندگی اور غیر محفوظ نشستوں پر پسماندہ طبقات کے انتخابات کا مطالعہ کرنے کے لیے جمعہ کے روز اتر پردیش کے الہ آباد پہنچا ۔ ہفتہ کے روز موصولہ اطلاع کے مطابق کمیشن کے ممبر سکریٹری اور اتراکھنڈ کے ایڈیشنل سکریٹری پنچایت راج اونکار سنگھ نے سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ میٹنگ میں ضلع سطح کے افسران سے اعداد و شمار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس کے علاوہ ریزرویشن کے اصولوں اور طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بتایا گیا کہ ریاست میں بلدیاتی اداروں کے انتخابات جلد ہونے والے ہیں، اس کے لیے ریزرویشن سے متعلق طریقہ کار تیار کیا جا رہا ہے ۔ میٹنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر پنچایتی راج اتراکھنڈ منوج تیواری، اشوک پانڈے ، ایڈیشنل ڈائریکٹر شہری ترقیات اتراکھنڈ، مدن کمار، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ، اروند رائے ، ایڈیشنل میونسپل کمشنر پریاگ راج، آلوک سنہا، ضلع پنچایت راج افسر اس موقع پر موجود تھے ۔ اس سے پہلے ، سنگل ممبر ڈیڈیکیٹڈ کمیشن اتراکھنڈ کے چیئرمین، ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جسٹس بی ایس ورما نے لکھنؤ میں یوپی شہری ترقیاتی محکمے اور پنچایتی راج کے ڈائریکٹر کے ساتھ بات چیت کی اور مقامی اداروں میں او بی سی ریزرویشن کے طریقہ کار کی جانچ کی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر تشکیل دیا گیا یہ کمیشن اتراکھنڈ کے مقامی اداروں میں او بی سی ریزرویشن کا مطالعہ کر رہا ہے ۔