اترپردیش اسمبلی الیکشن میں اکھلیش یادو کی کامیابی یقینی

   

یوگی حکومت کے مظالم سے بچنے راجستھان میں قیام، ڈاکٹر کفیل خاں کی محمد علی شبیر سے ملاقات
حیدرآباد۔28۔ جنوری (سیاست نیوز) ڈاکٹر کفیل خاں نے آج سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی اور گورکھپور ہاسپٹل سانحہ پر اپنی کتاب حوالے کی۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش کی یوگی ادتیہ ناتھ حکومت کی جانب سے فرضی مقدمات کے ذریعہ ہراسانی کے سبب راجستھان میں کانگریس حکومت نے انہیں سیکوریٹی کے ساتھ قیام کی سہولت فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا گاندھی نے انہیں یوگی حکومت کی ہراسانی سے بچانے کیلئے راجستھان حکومت کو سیکوریٹی اور رہائش کی ہدایت دی ہے۔ کفیل خاں نے کہا کہ اترپردیش کے سیاسی حالات میں تیزی سے تبدیلی آرہی ہے اور عوام کا رجحان اکھلیش یادو کی طرف ہے۔ مسلمان ، دلت اور جاٹ طبقات متحدہ طور پر اکھلیش کی تائید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ یوگی ادتیہ ناتھ کی حکومت کا زوال یقینی ہے اور اکھلیش یادو واضح اکثریت کے ساتھ برسر اقتدار آئیں گے۔ کفیل خاں کا کہنا ہے کہ پرینکا گاندھی کے انتخابی مہم میں حصہ لینے کے سبب کانگریس کے حق میں عوام کی تائید میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم زائد نشستوں پر کامیابی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ مجلس کو مسلمانوں کی تائید حاصل نہیں ہوگی اور مسلمان یہ جان چکے ہیں کہ مجلس کے مقابلہ کرنے سے سیکولر ووٹ تقسیم ہوسکتے ہیں۔ کفیل خاں نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے کے بارے میں انہوں نے کسی بھی سیاسی جماعت سے ربط قائم نہیں کیا ہے۔ انہوں نے 4 فیصد مسلم تحفظات کی فراہمی میں محمد علی شبیر کے رول کی ستائش کی اور کہا کہ ملک بھر میں مسلمانوں کو تحفظات کی فراہمی ضروری ہے تاکہ اعلیٰ تعلیم اور اعلیٰ عہدوں پر نمائندگی میں اضافہ ہو۔ ر