بجنور ۔ 21 جنوری (ایجنسیز) اتر پردیش کے ضلع بجنور کے نجیب آباد علاقہ کے جلال آباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں 15 سالہ ارمان کو ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔ یہ واقعہ منگل کی شام پنچایت گھر کے قریب پیش آیا۔ حملہ آور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ شدید زخمی ارمان کافی دیر تک سڑک پر تڑپتا رہا۔ بعد ازاں اسے اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ارمان، جو جلال آباد کے شیخ سرائے کا رہائشی اور مرحوم محبوب کا بیٹا تھا، اپنے خاندان کے ساتھ راہوکھیڑی میں کرایہ کے مکان میں رہتا تھا اور ٹائر پنکچر کی مرمت کی دکان پر کام کرتا تھا۔ مقامی لوگوں نے اسے خون میں لت پت اور شدید زخمی حالت میں پایا، اس کے چہرے پر گہرے زخم تھے اور قریب ہی ایک لاٹھی پڑی ہوئی تھی۔اطلاع ملنے پر سی او نتیش پرتاپ سنگھ اور تھانہ انچارج راہل سنگھ پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ ارمان کی موت کی خبر ملتے ہی اس کے اہل خانہ ہاسپٹل پہنچ گئے اور شدید احتجاج کیا۔ پولیس نے نعش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بجنور بھیج دیا ہے۔پولیس کے مطابق یہ معلوم کرنے کیلئے کہ سڑک پر واقع پنچایت گھر کے قریب گھنی آبادی میں اس نوعیت کی واردات کس نے انجام دی، ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ واقعہ نے علاقہ میں خوف اور تشویش کی لہر دورڑ گئی جبکہ مقامی لوگ قصورواروں کو فوری گرفتار کرنے اور ان کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔