پہلے دو مرحلوں میں بی جے پی کا کمزور موقف ، رائے دہندوں کو راجہ سنگھ کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : اترپردیش کے انتخابات میں پہلے اور دوسرے مرحلے کی رائے دہی میں بی جے پی کے کمزور موقف پر بی جے پی کے قائدین چراغ پا ہوگئے ہیں ۔ کم از کم آئندہ مرحلوں کی رائے دہی میں بی جے پی کے موقف کو بہتر بنانے کے لیے فرقہ پرستی کے ایجنڈے کو بڑے زور و شور سے اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ گوشہ محل کی نمائندگی کرنے والے بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ بھی اس مہم میں کود پڑے ہیں ۔ انہوں نے سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی اترپردیش میں بی جے پی اور یوگی آدتیہ ناتھ کو ووٹ نہیں دیں گے وہ اترپردیش چھوڑ کر چلے جائیں ۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ جو بھی بی جے پی کو ووٹ نہیں دیں گے انتخابات کے بعد ان کی نشاندہی کرتے ہوئے بلڈوزرس سے کچل دیا جائے گا ۔ بی جے پی کے متنازعہ رکن اسمبلی نے کہا کہ اگر کسی کو اترپردیش میں رہنا ہے تو انہیں جئے یوگی کہنا ہوگا ورنہ انہیں سنگین صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ اترپردیش میں دو مرحلوں کی رائے دہی کے بعد حیدرآباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ سنگھ نے تمام ہندوؤں کو متحد ہو کر بی جے پی اور یوگی آدتیہ ناتھ کی تائید کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ اترپردیش میں یوگی بابا کی حکومت قائم ہوگی جو بھی بی جے پی کو ووٹ نہیں دیں گے ان کی نشاندہی کرتے ہوئے بلڈوزرس سے کچل دیا جائے گا ۔۔ ن