اترپردیش میں بی جے پی کو کامیاب بنانے کیلئے کے سی آر کی حکمت عملی

   

مجلس کے امیدواروں پر تبادلہ خیال ، کے سی آر اور مودی کا فیوی کول رشتہ ، ریونت ریڈی کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کے ایک ہفتہ دہلی میں قیام پر سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال اترپردیش میں بی جے پی کو کامیاب بنانے اور یوگی آدتیہ ناتھ کو دوبارہ چیف منسٹر بنانے کے لیے دہلی میں قیام کیا ہے ۔ اترپردیش میں بی جے پی کی کامیابی کی راہ ہموار کرنے کے لیے چیف منسٹر نے اترپردیش میں مجلس کے امیدواروں کو کھڑا کرنے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کرتے ہوئے خصوصی حکمت عملی تیار کی ہے ۔ چیف منسٹر نے بی جے پی قیادت کو تیقن دیا کہ وہ اس کی کامیابی میں مکمل تعاون کریں گے ۔ مجلس کو کتنے اور کن کن اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کیا جائے اس کی فہرست تیار کی گئی ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ خفیہ معاہدے کے تحت سیاسی تماشہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کا ’ فیوی کول ‘ کا رشتہ ہے ۔ جو ہمیشہ مضبوط رہے گا جب بھی مرکز میں بی جے پی مشکلات سے دوچار ہوتی ہے ۔ ٹی آر ایس اس کی مدد کردیتی ہے ۔ اترپردیش کی سیاسی فائدے کے لیے چیف منسٹر نے دہلی میں ایک ہفتہ تک قیام کیا ہے ۔ ٹی آر ایس بی جے پی کی مدد کررہی ہے ۔ بدلے میں مرکزی حکومت نے دہلی میں ٹی آر ایس پارٹی آفس کے لیے اراضی مختص کی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ اگر دہلی میں ٹی آر ایس آفس تعمیر کرنے کے بجائے تلنگانہ شہیدوں کی یادگار تعمیر کی جاتی تو وہ تلنگانہ کے لیے وقارکی بات ہوتی تھی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ ایک ہفتہ تک دہلی میں قیام کرنے وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے ملاقات کرنے کے باوجود تقسیم آندھرا پردیش بل میں تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے تھے اس کو حاصل کرنے میں چیف منسٹر کے سی آر ناکام رہے ۔۔ N