اترپردیش میں ’لو جہاد‘ پر عمر قید کی سزا

   

لکھنؤ : ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کی حکومت نے مبینہ ’لو جہاد‘ کو روکنے کے لیے قصورواروں کو عمر قید کی سزا دینے کا قانون پیش کیا ہے۔ اپوزیشن نے اس پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اسے منفی سیاست کی ایک اور مثال قرار دیا ہے۔ ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کی قیادت والی اترپردیش میں یوگی ادیتیہ ناتھ حکومت نے پیر کے روز غیر قانونی مذہبی تبدیلی کی روک تھام (ترمیمی) بل پیش کیا۔ جس میں لو جہاد کی تعریف کو وسیع کرتے ہوئے بعض اضافی جرائم بھی اس میں شامل کردیے گئے ہیں اور اس کے قصورواروں کو عمر قید تک کی سزا ہوسکتی ہے۔ یوگی حکومت نے تبدیلی مذہب کے حوالے سے ایک قانون 2021 میں منظور کیا تھا۔ اسی قانون کا دائرہ اب مزید وسیع کرتے ہوئے ترمیمی بل پیش کیا گیا ہے، چونکہ اسمبلی میں بی جے پی کی اکثریت ہے لہذا دو اگست کو جب اس پر ووٹنگ ہوگی تو اس کے منظور ہوجانے کی قوی امید ہے۔