تم آگئے ہو …………..
حیدرآباد۔یکم۔اپریل(سیاست نیوز) اترپردیش میں مجلس اتحاد المسلمین نے ’اپنا دل ‘سے اتحاد کرکے ریاست میں ’پچھڑا ‘ دلت اور مسلمان‘ کے نام سے اتحاد کی تشکیل دیا اور اترپردیش میں اپنے امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیرسٹر اسد اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد و صدر مجلس اتحاد المسلمین نے آج لکھنؤ میں اپنا دل قائدین پلوی پٹیل اور کرشنا پٹیل و دیگر سے ملاقات کرکے اس اتحاد کو قطعیت دی اور کہا کہ اترپردیش کی سیاست میں آئندہ لوک سبھا انتخابات کے دوران مجلس ‘ اپنا دل کے علاوہ پرگتی شیل مانو سماج پارٹی ‘ راشٹریہ ادئے پارٹی کے ساتھ ان کا اتحاد ہوگا جو کہ پچھڑے ‘ دلت اور اقلیتوں کی ترقی کیلئے کام کرے گا۔ اپنا دل جو کہ ماہ مارچ کے اوائل تک اترپردیش میں سماج وادی پارٹی سے اتحاد میں تھا اور انڈیا اتحاد کا حصہ بننے کی کوشش میں مصروف رہے تھے لیکن اپنا دل نے لوک سبھا کی تین نشستوں کا مطالبہ کیا تھا اور سماج وادی پارٹی نے اس مطالبہ کو ماننے سے انکار کردیا جس کے نتیجہ میں اپنا دل قائدین نے مجلس کے قائدین سے ملاقات کرکے ان سے اتحاد کا فیصلہ کیا ہے ۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے لکھنؤ میں ملاقات کے دوران تمام جماعتوں کے قائدین سے تبادلہ خیال کیا اور اترپردیش کی اہم اپوزیشن جماعت سماج وادی پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ مراد آباد سے ڈاکٹر ایس ٹی حسن کو ٹکٹ نہ دینے کے مسئلہ کو چھیڑتے ہوئے اسد اویسی نے کہا کہ سیکولر ازم کا مکھوٹا اوڑھی سیاسی جماعتیں مسلمانوں کی ایوانوں میں نمائندگی کو محدود کر رہی ہیں۔ اترپردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں شامل وزیر اوم پرکاش راج بھر سے بھی بیرسٹراسدالدین اویسی کی مجلس نے گذشتہ برسوں میں اتحاد کرکے سیکولر سیاسی جماعتوں کے خلاف 100 سے زیادہ امیدوار میدان میں اتارے تھے ۔ بعد میں اوم پرکاش راج بھر مودی کی زیر قیادت این ڈی اے میں شامل ہوگئے اور اب گذشتہ دنوں او پی راج بھر کو یوگی آدتیہ ناتھ کی کابینہ میں جگہ دی گئی ہے۔ اب مجلس اتحادالمسلمین نے اپنا دل کے ساتھ اتحاد کرکے لوک سبھا انتخابات میں اترپردیش میں امیدوار میدان میں اتارنے پر تبادلہ خیال کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اپنا دل ‘ مجلس کے علاوہ دیگر جماعتوں کے درمیان اتحادہوگا۔3