اترپردیش میں پرینکا گاندھی کی گرفتاری کے خلاف کانگریس کا احتجاج

   

حیدرآباد۔19 جولائی (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے اترپردیش میں پرینکا گاندھی کی گرفتاری کے خلاف تمام ریاستوں میں احتجاجی دھرنے اور مظاہروں کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینوگوپال نے تمام پردیش کانگریس صدور، سی ایل پی لیڈرس آل انڈیا جنرل سکریٹریز اور محاذی تنظیموں کے سربراہوں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اپنی اپنی ریاستوں میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے اور دھرنے منظم کرنے کی اپیل کی ہے۔ اترپردیش کی بی جے پی حکومت نے پرینکا گاندھی کو متاثرین سے ملاقات سے روک دیا اور گرفتار کرلیا۔ گرفتاری اور عوام پر مظالم کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے ۔ کے سی وینوگوپال نے کہا کہ 17 جولائی کو اترپردیش کے گوروال علاقے میں اراضی کے تنازعہ میں 10 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے۔ جنرل سکریٹری کانگریس پرینکا گاندھی کو متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے لیے سونبھدرا ضلع جانے سے روک دیا گیا اور انہیں مرزا پور میں گرفتار کرلیا گیا۔ فائرنگ میں یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ پرینکا گاندھی نے گرفتاری کے خلاف سڑک پر دھرنا منظم کیا۔ تمام ریاستوں میں پارٹی اپنے طور پر احتجاج کی تاریخوں کا تعین کرے گی۔