لکھنو: اترپردیش حکومت نے ہفتہ کو ریاست کے مختلف اضلاع میں 17 اور 18 فروری کو ہونے والے پولیس بھرتی امتحان کو منسوخ کر دیا ہے اور چھ ماہ کے اندر دوبارہ امتحان کرانے کا حکم دیا ہے۔ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو یہ فیصلہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ سپاہی کے عہدوں پر سلیکشن کے لئے منعقدہ بھرتی امتحان 2023 کو رد کرنے اور اگلے چھ ماہ کے اندر ہی دوبارہ امتحان کرانے کے احکامات دئے گئے ہیں ۔اسی پیغام میں انہوں نے کہا کہ امتحانات کی شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ نوجوانوں کی محنت سے کھیلواڑ کرنے والوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔ ایسے بے لگام عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہونی یقینی ہے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ کے ایک معاون نے بتایا کہ امتحان کی رازداری کی خلاف ورزی کرنے والے لوگ اتر پردیش پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کے رڈار پر ہیں۔ اب تک کئی ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں۔