اترپردیش اسمبلی انتخابات کے اعلان سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے کل اتوار، 2 جنوری مغربی اتر پردیش کے میرٹھ میں ‘میجر دھیان چند اسپورٹس یونیورسٹی’ کا سنگ بنیاد رکھا جو ریاست کی پہلی اسپورٹس یونیورسٹی ہوگی۔ نئے سال میں اتر پردیش کے اپنے پہلے دورے پر آئے وزیر اعظم نے میرٹھ کے سلاوا علاقے میں میجر دھیان چند اسپورٹس یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود تھے۔اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سابقہ حکومتوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے ایس پی کا نام لیے بغیر کہا کہ یوپی میں پہلے جرائم پیشہ اور مافیا کھیل کھیلتے تھے، پہلے ناجائز قبضوں کے ٹورنامنٹ ہوتے تھے، بیٹیوں پر تبصرہ کرنے والے آزاد گھومتے تھے، لیکن اب یوگی حکومت انکے ساتھ جیل-جیل کھیل رہی ہے۔