مملکتی وزیر اجئے مشرا کی برطرفی کا مطالبہ، پرینکا گاندھی کی گرفتاری کی مذمت، ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 11 اکٹوبر (سیاست نیوز) اترپردیش کے لکھم پور میں کسانوں کی ہلاکت کے واقعہ کے خلاف کانگریس نے آج دھرنا چوک اندرا پارک پر خاموش احتجاج منظم کیا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر تمام ریاستوں میں یہ احتجاج منظم کیا گیا تاکہ مرکزی حکومت پر کسانوں کی ہلاکت کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کیلئے دباؤ بنایا جائے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے احتجاج کی قیادت کی۔ سینئر قائدین بھٹی وکرامارکا، محمد علی شبیر، مدھو یاشکی گوڑ، مہیشور ریڈی، ومشی چند ریڈی، مہیش کمار گوڑ، پونالا لکشمیا، انیل یادو، ایم کودنڈا ریڈی، شیخ عبداللہ سہیل، محمد فیروز خان، عثمان الہاجری، واجد حسین، راشد خان، مہیلا کانگریس صدر سنیتا راؤ اور مختلف محاذی تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی۔ صبح 10 تا دوپہر ایک بجے خاموش احتجاج منظم کیا گیا بعد میں ریونت ریڈی اور دیگر نے خطاب کیا۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ لکھم پور واقعہ کے ذمہ دار مرکزی مملکتی وزیرداخلہ اجئے مشرا کو کابینہ سے فی الفور برطرف کیا جائے۔ اجئے مشرا کے فرزند جنھوں نے کسانوں کو اپنی گاڑی سے روند دیا تھا، حکومت اُنھیں بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ ریونت نے کہاکہ ملک میں کسانوں کے احتجاج کو طاقت کے ذریعہ کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے اور مرکزی وزیر کی دھمکی کے بعد اُن کے فرزند نے جان بوجھ کر گاڑی سے کسانوں کو روند دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس واقعہ پر نریندر مودی اور امیت شاہ کی خاموشی معنی خیز ہے۔ کسانوں کی ہلاکت انسانیت سوز ہے لیکن یوگی حکومت نے صرف ایکس گریشیاء کا اعلان کرکے اپنی ذمہ داری کی تکمیل سمجھا ہے۔ ریونت ریڈی نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کیلئے جانے والی پرینکا گاندھی کی گرفتاری کی مذمت کی۔ اُنھوں نے کہاکہ خاطیوں کو گرفتار کرنے سے زیادہ حکومت نے اپوزیشن قائدین کو گرفتار کرنے میں دلچسپی دکھائی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی نے متاثرہ خاندانوں کو بھروسہ دلایا ہے کہ انصاف رسانی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں کسان گزشتہ ایک سال سے پرامن احتجاج کررہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی ’من کی بات‘ پروگرام میں مختلف مسائل پر اظہار خیال کرتے ہیں لیکن کسانوں کی ہلاکتوں پر خاموش ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت کا موقف کسانوں کے معاملہ میں تبدیل ہوچکا ہے۔ سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے کے سی آر نے بی جے پی سے مفاہمت کرلی ہے۔ ریونت ریڈی نے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ سے مطالبہ کیاکہ وہ کسانوں کی ہلاکت پر حکومت کے موقف کی وضاحت کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ سرسلہ میں ریت کی غیرقانونی منتقلی کے خلاف احتجاج پر کسانوں کو گاڑی سے روند دیا گیا تھا۔ ر