اترپردیش میں کورونا کرفیو پیر کی صبح تک

   

لکھنؤ: اترپردیش میں کورونا انفیکشن کا سلسلہ توڑنے کے مقصد سے حکومت نے ایک بار پھر پیر کی صبح 7 بجے تک کورونا کرفیو میں توسیع کا اعلان کیا ہے ۔وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے چہارشنبہ کو ٹیم کے ساتھ کورونا انفیکشن کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ جزوی طور پر کورونا کرفیو کورونا انفیکشن چین توڑنے میں موثر ثابت ہورہا ہے ۔ ابھی جزوی طور پر کورونا کرفیو 6 مئی کی صبح 7 بجے تک نافذ ہے اس میں 10 مئی (پیر) کی صبح 7 بجے تک توسیع کی جا رہی ہے ۔ اس کو تمام اضلاع میں موثر انداز میں نافذ کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ جزوی طور پر کورونا کرفیو کی مدت کے دوران صحت سے متعلقہ کاموں میں مکمل چھوٹ ہوگی۔ صنعتی سرگرمیاں ، ای کامرس سے متعلق کام جاری رہیں گے ۔ راشن تقسیم اور ویکسینیشن کا کام بھی جاری رہے گا۔
ایسے لوگوں کو ہر گز نہیں روکا جانا چاہئے ۔ پولیس ان کی ہر ممکن مدد کرے ۔ ای پاس سسٹم کو خصوصی حالات کے لئے نافذ کیا گیا ہے ۔ تاجروں ، ہینڈلرز ، روز مرہ مزدوروں وغیرہ کی دیکھ بھال کے لئے ’کمیونٹی کچن‘ شروع کیا جانا چاہئے ۔ کنٹینمنٹ زون میں صرف ڈور اسٹیپ ڈیلیوری کے انتظامات ہوں گے ۔یوگی نے کہا کہ صنعتی یونٹوں میں ضرورت کے مطابق کھانا وغیرہ کا انتظام کیا جانا چاہئے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کھانے کی کمی کی وجہ سے کوئی بھی شخص پریشان نہ ہو۔انہوں نے بتایا کہ ہر دن صحت یاب افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ کچھ دنوں سے نئے معاملے کے بالمقابل ڈسچارج ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔