لکھنؤ: اترپردیش اسمبلی نے گذشتہ چھ مہینوں کے دوران یوگی کابینہ کے دو اراکین سمیت پانچ اراکین اسمبلی کو کھو دیا ہے ۔اسمبلی نے جمعرات کو شروع ہوئے مختصر مانسون اجلاس کے پہلے دن کابینی وزیر کملا رنی ورون اور چیتن چوہان کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)رکن اسمبلی ویریندر سنگھ سروہی اور سماج وادی پارٹی(ایس پی) رکن اسمبلی پارسناتھ یادو کو تعزیت پیش کی گئی تھی جبکہ دیر رات بی جے پی کے ایک اور رکن اسمبلی جنمئے سنگھ کا حرکت قلب بندہونے سے انتقال ہوگیا۔دیوریا کے صدر اسمبلی حلقے کے ایم ایل اے مسٹر سنگھ اجلاس میں شرکت کرنے لکھنؤ آئے تھے جہاں دیر رات انہیں دل کا دورہ پڑا۔سول اسپتال کے ڈاکٹروں نے ان کی حالت نازک ہوتا دیکھ لوہیا اسپتال ریفر کردیا۔ پیس میکر لگانے کے دوران ان کی موت ہوگئی سال 2012 اور 2017میں بی جے پی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے مسٹر سنگھ75سال کے تھے ۔اس سے پہلے بلند شہر صدر سے بی جے پی رکن اسمبلی ویریندر سنگھ سروہی کا دو مارچ کو دہلی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔ تقریبا 74سال سروہی لیور کی بیماری میں مبتلا تھے ۔ مسٹر سروہی کے بعد سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے قدآور لیڈراور جونپور کے ملہنی اسمبلی حلقے سے رکن اسمبلی پارس ناتھ یادو کا لمبی علالت کے بعد 12جون کو انتقال ہوگیا تھا۔