بہرائچ : اتر پردیش کے بہرائچ میں واقع 90 مدارس کی منظوری کو منسوخ کرنے کیلئے ضلع اقلیتی بہبود افسر نے حکومت کو ایک خط بھیج کر سخت کارروائی کی سفارش کی ہے۔ ان مدارس پر حکومت کی ہدایات کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ضلع اقلیتی بہبود افسر سنجے مشرا نے کہا کہ ان مدارس کو حکومت کی طرف سے پہلے ہی ہدایت دی گئی تھی کہ انہیں اپنا ریکارڈ اپار آئی ڈی کے ساتھ اپ ڈیٹ کرنا ہے لیکن ان ہدایات پر عمل نہیں کیا گیاجس کی وجہ سے انتظامیہ کو یہ سخت قدم اٹھانا پڑا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی بار ان مدارس کے منتظمین کو خطوط اور ٹیلی کانفرنس کے ذریعے ہدایت دی تھی کہ وہ بچوں کی اپار آئی ڈی بنانے کا کام جلد از جلد مکمل کریں لیکن ایک ہفتہ قبل کیے گئے سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ Apaar ID جنریشن کا کام 90 مدارس میں سے کسی میں بھی شروع نہیں کیا گیا۔