لکھنؤ:ہندوستان کی کچھ ریاستوں میں گرمی کا قہر جاری ہے۔ ان ریاستوں میں اتر پردیش بھی شامل ہے جہاں گرمی اور لو سے بڑی تعداد میں لوگ بیمار پڑ رہے ہیں اور اموات کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ شدید گرمی اور لو کے درمیان بلیا ضلع کی حالت انتہائی خراب ہے۔ بلیا ضلع ہاسپٹل کے اعداد و شمار خوفناک ہیں جہاں گزشتہ تین دنوں یعنی 72 گھنٹوں میں ہی ’ہیٹ اسٹروک‘ سے 74 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ ان اموات نے لوگوں کو فکر میں مبتلا کر دیا ہے۔بلیا ضلع میں گزشتہ دو دن سے درجہ حرارت 44 ڈگری سلسیس سے اوپر ہی چل رہا ہے۔ ڈائریا اور لو کے مریضوں سے سرکاری و پرائیویٹ ہاسپٹل کے بیڈ بھرے ہوئے ہیں۔ ضلع ہاسپٹل کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ میں میں آنے والے بیشتر مریضوں کی موت ہو رہی ہے۔ جمعہ کی صبح سے دیر رات تک 25 مریضوں کی موت کی خبر ہے۔ اس ہفتہ سب سے زیادہ اموات جمعرات کو ہوئی ہیں جن کی تعداد 31 بتائی جا رہی ہے۔ ضلع اسپتال کے ایمرجنسی اور جنرل وارڈوں میں داخل مریضوں کی موت کی تعداد میں اچانک اضافہ ہونے کے سبب مفت نعش لے جانے والی گاڑیاں تک لوگوں کو نہیں مل رہیں۔ لوگوں کو پرائیویٹ گاڑیوں سے ہی نعشیںلے جانی پڑ رہی ہیں۔
گزشتہ ایک ہفتہ کی بات کی جائے تو 101 افراد کی موت شدید گرمی کی وجہ سے ہوئی ہے۔