اترکھنڈ میں دو سے زائد بچے رکھنے والے پنچایت انتخابات میں حصہ لینے سے محروم

   

دہرہ دون ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) اترکھنڈ میں ہونے والے پنچایت انتخابات میں وہ افراد حصہ نہیں لے سکیں گے جو دو سے زائد بچے رکھتے ہیں کیونکہ ریاستی اسمبلی میں اس ضمن میں ایک قرارداد کو متفقہ طور پر منظوری دی ہے جس سے دو سے زائد بچے رکھنے والے افراد اور اقل ترین تعلیمی صلاحیت نہ رکھنے والے دیہی انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ اترکھنڈ پنچایت راج (ترمیمی) بل 2019ء منگل کو ایوان میں پیش کیا گیا تھا جس پر چہارشنبہ کو بحث ہوئی بعدازاں اپوزیشن اس بحث کے باعث مزید پیشرفت نہیں ہوسکی تھی لیکن اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے باوجود ایوان نے متفقہ طور پر ندائی ووٹ کے ذریعہ اس بل کو منظور کرلیا جس کے تحت انتخابی مقابلہ کیلئے امیدواروںکی اقل ترین تعلیمی قابلیت دسویں جماعت کامیاب مقرر کی گئی ہے جبکہ درج فہرست طبقات و قبائل کے مرد امیدواروں کیلئے یہ تعلیمی قابلیت آٹھویں جماعت کامیاب اور خواتین کیلئے پانچویں کامیاب ہونا ضروری ہوگا۔ اس بل میں یہ بھی کہا گیا ہیکہ نئے قانون کے نفاذ کے 300 دن بعد دوسرے بچے کی پیدائش پر دو سے زائد بچے رکھنے والے امیدوار مقابلہ نہیں کرسکیں گے۔