اترکھنڈ گلیشئیر سانحہ کے مہلوکین کی تعداد 53 ہوگئی ۔ تین نعشیں برآمد

   


دہرہ دون / ٹاپوان ۔ اترکھنڈ کی ٹاپوان سرنگ سے آج مزید تین نعشیں برآمد ہوئیں جس کے بعد اترکھنڈ کے گلیشئیر سانحہ میں مرنے والوں کی تعداد 53 ہوگئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ آج صبح این ٹی پی سی کی آدت سرنگ سے تین نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ چمولی ضَع مجسٹریٹ سواتی ایس بھدوریا نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ سیلٹ فلشنگ ٹنل میں اب راحت و بچاو کام جاری ہیں اور اس کیلئے کھدوائی کرنے والوں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں کیونکہ کیچڑ کی وجہ سے کوئی کیمرہ یا پائپ نہیں ڈالا جاسکتا ۔ اس کے علاوہ یہاں پانی بھی جمع ہوا ہے ۔ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ ٹاپوان میں کھدوائی کو ہفتے کی رات کو مکمل کرلیا گیا تھا اور امید کی جا رہی تھی کہ وہاں امکانی طور پر پھنسے ہوئے افراد کا پتہ چلانے کوئی کیمرہ داخل کیا جائیگا تاہم اندر بہت زیادہ کیچڑ اور پانی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب کھدوائی کرنے والوں کی مدد سے ہی راحت و امکانی طور پر پھنسے افراد کو بچانا ممکن ہوسکتا ہے ۔ اترکھنڈ میں 7 فبروری کو گلیشئیر سانحہ پیش آیا تھا اور عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اب بھی مزید 150 افراد لاپتہ ہیں۔ سرنگ میں مزید افراد کے زندہ بچنے کی امیدوں کے تعلق سے سوال پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ آخری وقت تک راحت اور امدادی کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے اور ریاستی حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔