لکھنؤ: اترپردیش قانون ساز اسمبلی کے مختصر مانسون اجلاس کے آخری دن ہفتہ کے روز حکومت نے کانگریس اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ہنگامے کے درمیان 28 اہم بل منظور کیے جس کے بعد ایوان کی کارروائی کو ملتوی کردیا گیا۔اجلاس کے تیسرے دن جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی کانگریس اور ایس پی کے ارکان نے لا اینڈ آرڈر اور کورونا سمیت مختلف امور پر ہنگامہ شروع کردیا اور سماجی دوری سے قطع نظر، ایوان کے وسط میں آکر حکومت مخالف نعرے لگانے لگے ۔اسمبلی کے اسپیکر ہردیئے نارائن دکشت نے اپوزیشن ارکان کو خاموش کرانے کی کوشش کی لیکن ہنگامہ جاری رہا۔اس کے پیش نظر ایوان کی کارروائی 25 منٹ کے لئے ملتوی کردی گئی لیکن یہ مدت ختم ہونے کے بعد بھی اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی جاری رہی۔ دریں اثنا پارلیمانی امور کے وزیر سریش کھنہ نے بلوں کو ایوان میں پیش کیا جسے ایک کے بعد ایک ندائی ووٹوں سے منظور کرلیا گیا۔اس سے پہلے کہا گیا تھا کہ حکومت 17 بل لائے گی لیکن بعد میں ان میں مزید 11 بل شامل کردیئے گئے ۔