نئی دہلی کانگریس، اتر پردیش کی جنرل سکریٹری انچارج پرینکا گاندھی حال ہی میں ریاستی اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی کراری شکست کے تعلق سے گزشتہ تین دنوں سے ریاست کے سینئر لیڈروں سے صلاح ومشورہ کر رہی ہیں اور اسی سلسلے میں آج انہوں نے کہا کہ انہوں نے ان لیڈروں سے الگ الگ ملاقات بھی کی۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پرینکا گاندھی نے منگل کو ریاستی کانگریس کے سینئر لیڈروں کے ساتھ اجتماعی طور پر یہاں گرودوارہ رکاب گنج واقع کانگریس وار روم میں منعقدہ جائزہ میٹنگ میں وسیع مشاورت کی۔پرینکا گاندھی ریاستی قانون ساز اسمبلی انتخابات کے نتائج کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ میٹنگ کے بعد اب سینئر لیڈروں اور عہدیداروں کے ساتھ الگ الگ بات چیت کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کانگریس جنرل سکریٹری کی ریاست کے کئی سینئر کانگریس لیڈروں اور عہدیداروں کے ساتھ ون ٹو ون ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ محترمہ گاندھی نے جن لیڈروں سے اب تک بات کی ہے ان میں پرمود تیواری، آچاریہ پرمود کرشنن، ستیش اجمانی، سابق ایم ایل اے اجے رائے ، سابق اسپیکر اجے کمار للو، نو منتخب ایم ایل اے ویریندر چودھری وغیرہ شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق پرینکا گاندھی اس بات چیت میں انتخابی نتائج کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ لوک سبھا انتخابات کے لیے پارٹی کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کر رہی ہیں۔
