اتر پردیش دلتوں کیخلاف جرائم میں نمبر ون:اکھیلش

   

لکھنؤ:3 اکتوبر (یواین آئی) سماج وادی پارٹی کے صدر اکھیلش یادو نے کہا ہے کہ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے مطابق اتر پردیش میں دلتوں کے خلاف جرائم کی شرح سب سے زیادہ ہے ۔اکھیلش یادو نے کہا کہ دلتوں پر ظلم اور تشدد حد درجہ پر ہے ۔ این سی آر بی کے مطابق دلتوں کے خلاف15,130 کیسز درج کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت میں ذات اور مذہب دیکھ کر کارروائی کی جاتی ہے ، اس لیے دلتوں کی شکایات پر کوئی عمل نہیں ہوتا۔ انہوں نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کا بھی ذکر کیا۔ 2023 میں ریاست میں223 بچوں کی ہلاکت، 19 بچیوں کے ساتھ ریپ کے بعد ہلاکت، 8,160 بچوں کے اغوا، 2,141 جہیز قتل اور 15,074 خواتین کے اغوا کے کیسز درج ہوئے ۔ یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں کسانوں اور زرعی مزدوروں کی حالت بھی خراب ہے ۔
قرض میں مبتلا کسان خودکشی پر مجبور ہیں، بارش اور غذائی قلت سے کئی کسان مر گئے ، جبکہ سرکاری اعداد و شمار اس کا درست ہندسہ پیش نہیں کرتے ۔

انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی جھوٹے اعداد و شمار پیش کر کے عوام کو گمراہ کر رہی ہے اور حقیقت چھپانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگ اب بی جے پی حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔