اتر پردیش میں بغیر پیشگی اطلاع مسجد شہید کردی گئی

,

   

قرآن شریف کی بے حرمتی ‘مقامی مسلمانوں میں شدید غم و غصہ

پریاگ راج: اتر پردیش کے شہر پریاگ راج میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں ریلوے کالونی کے قریب واقع ایک مسجد کو بغیر کسی پیشگی اطلاع کے مقامی انتظامیہ نے شہید کر دیا۔ یہ مسجد پریاگ راج ریلوے اسٹیشن سے تقریباً 150 میٹر کے فاصلے پر تھی۔عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کے دن پیش آیا جب لوگ جمعہ کی نماز ادا کرنے کیلئے مسجد پہنچے تو انھیں مسجد کی شہادت کا منظر دیکھ کر شدید صدمہ پہنچا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس مسجد کو شہید کرنے سے پہلے نہ تو کوئی اطلاع دی گئی اور نہ ہی کوئی قانونی کارروائی کی گئی۔ایک اور افسوسناک بات یہ ہے کہ مسجد کے اندر موجود قرآن پاک کے نسخوں کی بے حرمتی کی گئی۔ اس واقعہ پر مقامی مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مسجد ایک قدیم عبادت گاہ تھی اور اس کے شہید کیے جانے سے ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ جمعہ کے دن پیش آنے والے اس واقعہ نے پورے علاقے میں کشیدگی پیدا کر دی ہے۔مسلم رہنماؤں نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیںاور لوگ اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ حکومت اس واقعہ پر کیا ردعمل ظاہر کرتی ہے۔