اتر پردیش میں جنگل راج کاچہرہ بے نقاب:دانش

   

نئی دہلی : بہوجن سماج پارٹی کے لیڈر اور لوک سبھا کے ممبر پارلیمنٹ کنور دانش علی نے صحافی وکرم جوشی کے قتل کے پیش نظر اتر پردیش کی یوگی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ہر شہر غنڈوں اور مافیا کے حوالے کرکے ریاست کو جنگل راج میں تبدیل کردیا ہے۔ امروہہ کے ممبر پارلیمنٹ علی نے ٹویٹ کرتے ہوئے اترپردیش میں لاء اینڈ آرڈر کی خراب صورتحال پر سوال اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے کہا ‘‘ اگر غازی آباد پولیس باخبر ہوتی تو صحافی وکرم جوشی کے قتل کو ٹالا جاسکتا تھا۔ کانپور ہو یا غازی آباد ، اتر پردیش حکومت نے ہر شہر کو غنڈوں اور مافیاؤں کے حوالے کردیا ہے ۔ حکومت اور پولیس اس وقت جاگتی ہے جب غنڈے اور بدمعاش اپنا کام انجام دے چکے ہوتے ہیں ۔ ریاست میں جنگل راج آگیا ہے ۔