لکھنؤ ، 27 اگست (یو این آئی) اتر پردیش کے 22 اضلاع کے 700 سے زیادہ گاؤں پہاڑیوں اور میدانی علاقوں میں مسلسل بارش کی وجہ سے زیر آب ہوگئے ہیں ۔ اتر پردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حکام کو امدادی کاموں میں تیزی لانے ، لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور مویشیوں کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ شدید بارشوں کی وجہ سے دریا اور نہروں میں طغیانی آئی ہوئی ہے ۔ ڈیموں اور بیراج کو بڑی مقدار میں پانی چھوڑنا پڑا ، جس سے نشیبی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال مزید خراب ہو گئی۔ ریلیف کمشنر بھانو چندر گوسوامی نے بتایا کہ 22 اضلاع کی 43 تحصیل اور 768 گاؤں اس وقت زیر آب ہیں ۔ اس سے 2.52 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو امداد فراہم کی گئی ہے اور 33,370 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچانے کے لیے 550 کشتیاں لگائی گئی ہیں ۔