لکھنؤ: اترپردیش میں پرائیویٹ مدارس کی سروے رپورٹ موصول ہونے کے بعد اترپردیش مدرسہ تعلیمی بورڈ کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایک بار پھر غیر تسلیم شدہ مدارس کو تسلیم کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ مدرسہ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر افتخار احمد جاوید نے اتوار کو پی ٹی آئی کو بتایا کہ سروے میں غیر تسلیم شدہ تقریباً 8500 مدارس کی حکومت کی اجازت سے شناخت کا عمل شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، ’’جو لوگ مدرسہ بورڈ سے جڑنا چاہتے ہیں انہیں اس کے لیے درخواست دینا ہوگی۔‘‘ جاوید نے کہا کہ تسلیم حاصل کرنے سے مدارس کے ساتھ ساتھ طلباء کو بھی فائدہ ہوگا کیونکہ اس کے بعد مدرسہ بورڈ انہیں ڈگریاں فراہم کرے گا، جو کہ وسیع پیمانے پر تسلیم شدہ ہیں۔ انہوں نے کہا، ”اتر پردیش میں 10 ستمبر سے 15 نومبر تک کیے گئے سروے میں 8500 مدارس غیر تسلیم شدہ پائے گئے. ریاستی حکومت کی اجازت سے ان مدارس کو تسلیم کرنے کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ جو لوگ مدرسہ بورڈ سے شناخت حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ اس کے لیے درخواست دے سکیں گے۔