اتر پردیش میں کانگریس پارٹی کے عہدیداروں میں بڑی رد وبدل نظر آ رہی ہے۔ کانگریس کی مجلس عاملہ نے قانون ساز پارٹی کے لیڈر اجے کمار للو کو اتر پردیش کانگریس کا صدر منتخب کیا ہے۔ اجے کمار للو ویشیہ سماج سے تعلق رکھتے ہیں اور تمکوہیراج سے دو رکن اسمبلی رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس نے ریاست میں چار نائب صدور، بارہ جنرل سکریٹری اور چوبیس سکریٹری بھی نامزد کیے ہیں۔
اجے کمار للو نے ایک بہت بڑے لیڈر ہیں انہوں نے 2017 کے اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کے جگدیش مشرا کو شکست دی تھی۔ وہ 2012 میں بھی کانگریس کے ٹکٹ پر کامیاب ہو کر اسمبلی پہنچے تھے۔ اجے کمار کانگریس کے شمالی اتر پردیش کے کارگزار صدر بھی ہیں۔ انھیں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا قریبی بھی مانا جاتا ہے۔ پرینکا گاندھی جب بھی یو پی کے دورہ پر آتی ہیں تو اجے کمار ہر بار پرینکا کے ساتھ نظر آتے ہیں۔
اتر پردیش کانگریس کمیٹی میں جہاں نوجوانوں کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں، وہیں 18 سینئر لیڈروں کی ایک صلاحکار کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس کی صدارت کانگریس جنرل سیکرٹری پرینکا گاندھی کریں گی۔ اتر پردیش میں کانگریس کی گزشتہ کمیٹی میں تقریباً 500 لوگ شامل تھے، لیکن نئی کمیٹی میں تقریباً صرف 40 سے 45 لوگ ہیں۔ نئی کمیٹی کے ہر عہدیدار کے لیے ایک خاص ذمہ داری دی گئی ہے۔
اتر پردیش کانگریس کمیٹی میں ہر ذات اور ہر سماج سے تعلق رکھنے والے لیڈروں کو منتخب کیا گیا ہے۔ کمیٹی میں تقریباً 45 فیصد پسماندہ پچھڑے)طبقات کی نمائندگی ہے۔ پسماندہ طبقہ میں بھی حاشیے پر کھڑی انتہائی پسماندہ ذاتوں پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔ دلت آبادی کو تقریباً 20 فیصد نمائندگی ملی ہے۔ اس قیادت میں اثر انگیز دلت ذاتوں کے علاوہ دیگر ذاتوں کو بھی قیادت کا موقع ملا ہے۔ مسلم قیادت تقریباً 15 فیصد ہے جس میں پسماندہ مسلم قیادت پر زیادہ زور دیا گیا ہے۔
نئی کانگریس کمیٹی میں تقریباً 20 فیصد اعلیٰ ذاتوں کی نمائندگی ہے۔ کانگریس نے ذات پات کے فارمولے کو اجتماعی ذات کی نمائندگی پر مبنی فارمولے سے سادھنے کی کوشش کی ہے۔ کمیٹی میں خواتین کو بھی مناسب نمائندگی دی گئی ہے۔ نئی کمیٹی میں مینڈیٹ والے محنت کش کارکنوں کو جگہ ملی ہے۔ اس میں کئی نئے چہرے بھی شامل ہیں۔ کانگریس کی نئی تنظیم کو صاف صاف نظر آ رہا ہے کہ اتر پردیش کی سڑکیں عوامی تحریک سے خالی نہیں ہوں گی۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے بھی سون بھدر، اناو اور شاہجہاں پور واقعہ میں اپنی سرگرمی دکھا کر پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ آنے والی کانگریس سڑکوں پر لڑتی نظر آئے گی۔
ذرائع ابلاغ سے ملی اطلاع کے مطابق تقریباً چار ماہ سے کانگریس کی کئی ٹیمیں اتر پردیش کی خاک چھان رہی تھیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی خود اتر پردیش کے کارکنوں، لیڈروں اور دانشوروں کے ساتھ میٹنگیں کر کے صلاح و مشورہ لے رہی تھیں۔ اتر پردیش میں چھ قومی سکریٹری لگاتار پوری ریاست کا دورہ کر رہے تھے۔ پرینکا گاندھی کی ٹیم کے لوگ ضلع ضلع گھوم کر زمینی حالات کا جائزہ بھی لے رہے تھے۔ تب جا کر کانگریس نے اتنی بڑی تبدیلی کا فیصلہ لیا ہے، جس سے یہ امید لگائی جا رہی ہے کہ کانگریس کو مضبوط کرنے کےلیے راستہ ہموار کیا جا رہا ہے۔