حیدرآباد /22 نومبر ( سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کی امریکہ میں موت ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق اوپل علاقہ کا ساکن 23 سالہ آرین ریڈی ایم ایس کی تعلیم حاصل کرنے امریکہ گیا ہوا تھا ۔ یہ نوجوان وہاں اٹلانٹا کی ایک یونیورسٹی میں ایم ایس سال دوم میں زیر تعلیم تھا ۔ 13 نومبر کو اس کی سالگرہ تھی ۔اس نے دوستوں کے ساتھ سالگرہ منائی اور اس کے بعد اپنے کمرے میں سونے کیلئے چلا گیا ۔ بعد ازاں اس کے دوستوں نے گولی چلنے کی آواز سنی ۔ جب انہوں نے کمرے میں جاکر دیکھا تو وہاں آرین کی نعش خون میں لت پت پڑی ہوئی تھی۔ بندوق بازو پڑی تھی اور گولی اس کے سینہ میں لگی تھی ۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ بندوق کی صفائی کے دوران اتفاقی طور پر گولی چل گئی جس کی وجہ سے نوجوان کی موت ہوگئی ۔ مہلوک نوجوان کے ارکان خاندان نے حکومت سے نعش کو لانے کیلئے انتظامات کی خواہش کی ہے ۔