اتم کمارریڈی اور سیتکا مہاراشٹرا کی کانگریس انتخابی مہم میں مصروف

   

ممبئی میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت، اشوک گہلوٹ ، بھوپیش بھگیل اور دیگر قائدین کے ساتھ مشاورت

حیدرآباد۔/20 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی انتخابی مہم طئے کرنے کیلئے آج مہاراشٹرا پردیش کانگریس کمیٹی دفتر ممبئی میں اے آئی سی سی آبزرورس کا اجلاس منعقد ہوا۔ سابق چیف منسٹرس اشوک گہلوٹ، بھوپیش بھگیل، چرنجیت سنگھ چنی، سابق ڈپٹی چیف منسٹرس ٹی ایس سنگھدیو، پرمیشورم، وزیرآبپاشی اتم کمار ریڈی، وزیر پنچایت راج تلنگانہ ڈی انوسیا سیتکا اور کرناٹک کے وزیر ایم بی پاٹل نے اجلاس میں شرکت کی اور انتخابی مہم کی حکمت عملی طئے کی گئی۔ مہاراشٹرا انتخابی مہم کے لئے کوآرڈینیٹر کے طور پر رمیش چنیتالہ کا تقرر کیا گیا ہے۔ اجلاس میں کرناٹک کے رکن راجیہ سبھا ناصر حسین اور دوسروں نے شرکت کی۔ کانگریس ہائی کمان نے مہاراشٹرا کی انتخابی مہم کے لئے سینئر آبزرورس کے طور پر تلنگانہ کے دو ریاستی وزراء کو ذمہ داری دی ہے۔ نومبر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کامیابی کی حکمت عملی طئے کرنے تلنگانہ کے دونوں وزراء مہاراشٹرا میں مصروف ہوچکے ہیں۔ اتم کمار ریڈی اور ڈی انوسیا سیتکا نے مہاراشٹرا کی بی جے پی۔ شیوسینا حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کا فیصلہ کیا اور عوام کو حکومت کی ناکامیوں سے واقف کرایا جائے گا۔ تلنگانہ میں کانگریس کی کامیابی کے تجربات کو اتم کمار ریڈی نے اجلاس میں پیش کرتے ہوئے بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت کی ناکامیوں کے خلاف مہم سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں شیوسینا ( شنڈے ) اور بی جے پی کی مخلوط حکومت سے عوام عاجز آچکے ہیں اور اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو شاندار کامیابی ملے گی۔1