عوامی رابطہ مہم، انتخابات کی تیاریاں، 3 مارچ سے مہیشور ریڈی کی عادل آباد تا حیدرآباد یاترا
حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے تحت صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے پارٹی کے مخالف گروپ کی سرگرمیوں کے باوجود ہائی کمان کی منظوری سے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کا آغاز کیا جسے عوام کی غیر معمولی تائید حاصل ہوئی ہے۔ پارٹی کے سینئر قائدین جو کل تک ریونت ریڈی کی پدیاترا کے خلاف تھے انہوں نے اپنے اپنے علاقوں میں پدیاترا کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام سے رابطہ برقرار رہے۔ رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ اتم کمار ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے اپنے اپنے اضلاع میں پدیاترا کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ اتم کمار ریڈی یکم مارچ سے کوداڑ میں پدیاترا کے تحت عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔ کانگریس کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے اتم کمار ریڈی کے ساتھ پدیاترا میں شرکت سے اتفاق کیا ہے۔ اتم کمار ریڈی کوداڑ اور حضور نگر اسمبلی حلقہ جات پر توجہ دیں گے۔ اتم کمار ریڈی لوک سبھا انتخابات سے قبل ضلع نلگنڈہ کے تمام اسمبلی حلقہ جات پر گرفت مضبوط کرنا چاہتے ہیں تاکہ لوک سبھا انتخابات میں باآسانی کامیابی حاصل ہو۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا مارچ کے پہلے ہفتہ میں کھمم سے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کا آغاز کریں گے جس کے تحت 30 اسمبلی حلقہ جات کے احاطہ کا منصوبہ ہے۔ کھمم ضلع کے ان علاقوں کا احاطہ کیا جائے گا جہاں ریونت ریڈی نے پدیاترا نہیں کی۔ تلنگانہ کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے کل حیدرآباد آمد کے بعد نلگنڈہ پارلیمانی حلقہ کے قائدین سے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اتم کمار ریڈی اور بھٹی وکرامارکا کی جانب سے پدیاترا کے اعلان پر پارٹی حلقوں میں حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اسی دوران اے آئی سی سی پروگرام عمل آوری کمیٹی کے صدرنشین اے مہیشور ریڈی نے 3 مارچ سے پدیاترا کا اعلان کیا۔ بھینسہ سے پدیاترا کا آغاز ہوگا اور حیدرآباد میں جلسہ عام کے ساتھ اختتام کو پہنچے گی۔ مہیشور ریڈی باسر سے پدیاترا کا آغاز کریں گے جو 4 تا 12 مارچ نرسا پور، دلاور پور، نرمل، خانہ پور، کڈم، اوٹنور، عادل آباد، ایچوڑہ اور بوتھ علاقوں کا احاطہ کرے گی۔ر