گمراہ کن خبروں کیلئے کانگریس کے ایک قائد ذمہ دار، ہم دونوں ہمیشہ کانگریس اور عوام کے وفادار رہیں گے
حیدرآباد۔/30جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ اور سابق صدر پردیش کانگریس این اتم کمار ریڈی اور ان کی شریک حیات سابق رکن اسمبلی پدماوتی ریڈی نے کانگریس پارٹی چھوڑ کر بی آر ایس میں شامل ہونے سے متعلق اطلاعات کو سختی سے مسترد کردیا۔ انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں سوشیل میڈیا پر جاری مہم کو بے بنیاد اور حقائق سے بعید قرار دیا۔ اتم کمار ریڈی اور پدماوتی ریڈی نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ گذشتہ 30 برسوں تک کانگریس کے وفادار سپاہی کی طرح مختلف عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ انہوں نے 6 انتخابات میں 1994 سے مسلسل کامیابی حاصل کی۔ ان کی اہلیہ پدماوتی ریڈی کوداڑ سے رکن اسمبلی رہیں اور 2018 میں انہیں معمولی فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پدماوتی ریڈی اپنی صلاحیت کے مطابق کوداڑ کے عوام کی خدمت کررہی ہیں اور نائب صدر پردیش کانگریس کی حیثیت سے کانگریس کے استحکام کیلئے سرگرم ہیں۔ دونوں سال کے 365 دن عوامی خدمات میں مصروف ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں نے انڈین ایر فورس کے فائٹر پائیلٹ کے طور پر چین اور پاکستان کی سرحدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ میں نے ملک کیلئے اپنی جان کو خطرہ میں ڈالنے سے بھی گریز نہیں کیا۔ ایرفورس کے بعد صدرجمہوریہ آر وینکٹ رامن اور شنکر دیال شرما کے سینئر آفیسر کے طور پر راشٹر پتی بھون میں خدمات انجام دی۔ میں نے باوقار سرکاری عہدہ سے رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرلی تاکہ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے عوام کی خدمت کروں۔ میں مسلسل 6 مرتبہ منتخب ہوچکا ہوں جس میں پانچ مرتبہ رکن اسمبلی اور ایک مرتبہ رکن پارلیمنٹ شامل ہیں۔ متحدہ آندھرا پردیش میں وزیر امکنہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیا۔ میں اور میری اہلیہ نے اپنی زندگی دولت، صحت اور خاندانی زندگی کو کانگریس پارٹی اور عوام کیلئے وقف کردیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گذشتہ دو برسوں سے انہیں گمراہ کن اطلاعات کے ذریعہ نشانہ بنایا جارہا ہے۔ کانگریس پارٹی میں ان کے امیج کو بگاڑنے کے مقصد سے یہ تکلیف دہ کہانیاں تیار کی جارہی ہیں تاکہ ان کے ساتھی اور حامی دور ہوجائیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ پارٹی میں بعض مسائل اور تبدیلیوں سے خوش نہیں ہیں لیکن وہ قومی پارٹی میں داخلی جمہوریت کے عمل پر پابند رہتے ہوئے میڈیا اور پارٹی کے باہر اظہار خیال نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات نہیں کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کے ساتھ کوئی تجارتی کنٹراکٹس اور معاہدات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں ایک اہم عہدہ پر فائز قائد ان کے بارے میں گمراہ کن پروپگنڈے کیلئے ذمہ دار ہیں۔ سوشیل میڈیا اور میڈیا میں جاری مہم کی میں مذمت کرتا ہوں جو بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔ مذکورہ کانگریس قائد سے قربت رکھنے والے یو ٹیوب چینلس اور میڈیا گھرانے گمراہ کن اور ہتک آمیز کہانیاں پیش کررہے ہیں جو ہمارے لئے تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ وہ کانگریس پارٹی اور عوام سے اٹوٹ وابستگی رکھتے ہیں اور بی آر ایس میں شمولیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اتم کمار ریڈی نے اس طرح کی خبروں کو روکنے کا مطالبہ کیا۔
