اتم کمار ریڈی ایم پی نے سرودیہ سنکلپ پدیاترا میں حصہ لیا

   

کے سی آر پر کمزور طبقات سے دھوکہ دہی کا الزام، انتخابی وعدے فراموش کردیئے گئے

حیدرآباد۔/20 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے آج گجویل اسمبلی حلقہ میں سرودیہ سنکلپ پدیاترا میں حصہ لیا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے پنچایت راج سنگھٹن کی صدرنشین میناکشی نٹراجن تلنگانہ میں سنکلپ پدیاترا پر ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے سدی پیٹ ضلع کے گجویل اسمبلی حلقہ میں پدیاترا میں حصہ لیا اور عوام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ درج فہرست اقوام اور قبائیل کے اراضیات کے مسائل کے علاوہ قومی دیہی ضمانت روزگار اسکیم اور سیلف ہیلپ گروپ کے مسائل کو اُجاگر کرنے کیلئے پدیاترا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے درج فہرست اقوام و قبائیل کے علاوہ تلنگانہ کے تمام بے زمین کمزور طبقات کے خاندانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کو اراضی کے الاٹمنٹ تک کانگریس پارٹی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ قومی دیہی ضمانت روزگار اسکیم کے تحت کاموں کی الاٹمنٹ میں بے قاعدگیاں ہیں۔ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی اور سرپنچوں کے ذریعہ قریبی افراد کو کام الاٹ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے سیلف ہیلپ گروپس کو بلا سودی قرض کے تحت 60 لاکھ ارکان کو رقومات جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گزشتہ سات برسوں کے دوران انتخابی وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریجن طبقات کیلئے اراضیات کی فراہمی کے بجائے جنگلاتی اراضی کے نام پر اراضیات حاصل کی جارہی ہیں۔ دلتوں کو 3 ایکر اراضی فراہم کرنے کا وعدہ آج تک پورا نہیں ہوا۔ رکن اسمبلی سیتکا اور سابق رکن اسمبلی ٹی نرسا ریڈی نے پدیاترا میں حصہ لیا۔ر