اتم کمار ریڈی نے دلت خاندان کے گھر میں ڈنر کیا

   

باریک چاول سے غذا کی تیاری، اسکیم کے آغاز پر غریبوں میں مسرت کی لہر
حیدرآباد 6 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں راشن کارڈس پر باریک چاول کی سربراہی اسکیم کا اُگادی تہوار سے آغاز ہوچکا ہے اور وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی کے مطابق غریب خاندانوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ اتم کمار ریڈی نے سوریہ پیٹ ٹاؤن میں ایک دلت خاندان کے گھر میں ڈنر کیا جو حکومت کے سربراہ کردہ باریک چاول سے تیار کیا گیا تھا۔ پی وینکٹیا نامی شخص کے مکان پہونچ کر اتم کمار ریڈی نے افراد خاندان سے ملاقات کی اور گھر میں تیار کردہ غذائی اشیاء سے ڈنر کیا۔ دلت خاندان نے حکومت کی ستائش کی اور کہاکہ راشن کارڈ پر فی کس 6 کیلو باریک چاول کی سربراہی سے مالی بوجھ میں کمی واقع ہوئی ہے۔ وینکٹیا کی شریک حیات پی بھوجماں نے ڈنر تیار کیا تھا۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ اسکیم کے آغاز کے بعد سے غریب خاندانوں کے مالی بوجھ میں کمی آئی ہے۔ اسکیم کے تحت ریاست بھر میں 3.10 کروڑ افراد کو فائدہ ہوگا جو آبادی کا 84 فیصد ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں تلنگانہ پہلی ریاست ہے جو غریبوں کو فیر پرائز شاپس کے ذریعہ باریک چاول سربراہ کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ غریبوں کی خوشی میں شامل ہونے کے لئے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دیگر وزراء نے بھی غریبوں کے ساتھ لنچ یا ڈنر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ باریک چاول سربراہی اسکیم کے نتائج کا جائزہ لیا جاسکے۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ کانگریس ارکان اسمبلی اسکیم پر مؤثر عمل آوری کے اقدامات کررہے ہیں۔ ضلع کلکٹرس کو اسکیم کی نگرانی کی ہدایت دی گئی تاکہ کوئی بھی مستحق خاندان اسکیم سے محروم نہ رہے۔1