اتم کمار ریڈی نے وزراء میں اختلافات کی تردید کی محکمہ اور ضلع کی ترقی میری اوّلین ترجیح

   

حیدرآباد 14 اکٹوبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کابینی وزراء کے درمیان اختلافات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ وزراء کے درمیان بہتر انداز میں تال میل برقرار ہے اور کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ اتم کمار ریڈی کے مطابق اُنھوں نے اپنے محکمہ اور ضلع کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے اور محکمہ آبپاشی کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کررہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے محکمہ آبپاشی میں کرپشن اور بدعنوانیوں کے الزامات کی تردید کی۔ اُنھوں نے بتایا کہ عہدیداروں کے تبادلوں کی وہ راست طور پر نگرانی کررہے ہیں تاکہ شفافیت کے ساتھ تبادلوں کا عمل مکمل ہو۔ اُنھوں نے کہاکہ دریائے کرشنا اور گوداوری میں تلنگانہ کی حصہ داری کا بہرصورت تحفظ کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ کرناٹک کی کانگریس، مہاراشٹرا کی بی جے پی اور آندھراپردیش کی تلگودیشم حکومت سے مذاکرات کرتے ہوئے تلنگانہ کے آبی حقوق کا تحفظ کیا جارہا ہے۔ بنکاچرلہ اور المٹی ڈیم کے مسئلہ پر تلنگانہ حکومت ریاست کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیاکہ کے سی آر نے 10 برسوں میں بھاری قرض اور کمیشن کے ذریعہ کالیشورم پراجکٹ پر توجہ مرکوز کی تھی۔ اتم کمار ریڈی عنقریب مہاراشٹرا کا دورہ کرتے ہوئے آبی تنازعہ پر مذاکرات کریں گے۔1