عہدیداروں سے فون پر ربط، فلاحی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کی ہدایت
حیدرآباد 27 نومبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے وزراء کی عوام سے ملاقات پروگرام کے تحت آج کانگریس ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں عوامی سماعت میں شرکت کی۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کی ہفتے میں ایک دن گاندھی بھون میں موجودگی کو یقینی بنانے شیڈول تیار کیا ہے۔ وزراء اور عوامی نمائندوں کی موجودگی سے عوام کو سرکاری دفاتر کے بجائے گاندھی بھون میں راست ملاقات کا موقع حاصل ہورہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے عوامی مسائل کی سماعت کی اور تحریری درخواستوں کو قبول کیا۔ اُنھوں نے فلاحی اسکیمات کے سلسلہ میں عہدیداروں سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے درخواست گذاروں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کئی ضلع کلکٹرس سے بھی ربط قائم کرتے ہوئے عوامی شکایات سے واقف کرایا۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ وزراء کی عوام سے ملاقات پروگرام کے نتیجہ میں کئی اسکیمات سے متعلق شکایات کی فوری یکسوئی ہورہی ہے۔ حکومت نے پرجا بھون میں بھی عوامی سماعت کا پروگرام شروع کیا ہے جہاں ہفتے میں 2 دن عہدیدار درخواستیں قبول کریں گے۔1