حیدرآباد 23 اگسٹ (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کے ساتھ اِن دنوں جموں و کشمیر کے دورے پر ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی میں کانگریس، بی جے پی، ڈی ایم کے، جنتادل، بی جے ڈی، وائی ایس آر کانگریس اور دیگر پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے ارکان شامل ہیں جن کا تعلق مختلف ریاستوں سے ہے۔ سرینگر میں پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں این ٹی پی سی کے صدرنشین نے ارکان کا استقبال کیا۔ کشمیر میں برقی کی پیداوار اور سربراہی کا ارکان پارلیمنٹ نے جائزہ لیا۔ ملک بھر کی برقی صورتحال اور پیداوار کے مسئلہ پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو مختلف ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی۔ اتم کمار ریڈی نے اجلاس میں کشمیر میں برقی سربراہی کے موقف سے متعلق عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح کشمیر میں بھی برقی کے موقف کو بہتر بنایا جائے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ دیگر ریاستوں کی طرح کشمیری عوام کو بھی ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ R