اتم کمار ریڈی پارٹی قائدین کے رویہ سے ناراض

   

کانگریس ریڈی اور بی سی طبقات میں منقسم
حیدرآباد۔ 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے پارٹی قائدین کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے ان پر شخصی تنقیدوں کے باوجود کسی ایک قائد نے جواب نہیں دیا۔ پارٹی قائدین کے اجلاس میں اتم کمار ریڈی نے پارٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاست میں کانگریس کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کے لیے تمام قائدین کو متحدہ مساعی کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل انتخابات کے شیڈول کی اجرائی کے بارے میں انہوں نے اعتراض جتایا تھا جس پر ٹی آر ایس نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا لیکن افسوس کہ پارٹی کے کسی بھی قائد نے ان کی تائید میں جوابی بیان نہیں دیا۔ انہوں نے قائدین سے سوال کیا کہ موجودہ صورتحال کی وجوہات کیا ہیں۔ پارٹی کے سینئر لیڈر محمد علی شبیر نے فوری جواب دیتے ہوئے پارٹی میں متحدہ کام کرنے اور ڈسپلن کی برقراری پر زور دیا۔ اتم کمار ریڈی نے محمد علی شبیر کے استدلال کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں کوئی ایک قائد بیان دے سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ریڈی اور بی سی میں تقسیم ہونے کی اطلاع ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ہر کسی کو اپنی مرضی کے مطابق بات کرنے کا رویہ ترک کرنا چاہئے۔ بعض قائدین کا احساس ہے کہ جس وقت اتم کمار ریڈی رکن اسمبلی تھے پارٹی پر ان کی گرفت مضبوط تھی تاہم لوک سبھا کے لیے منتخب ہونے اور نئی دہلی میں سیاسی سرگرمیوں کے نتیجہ میں پارٹی پر گرفت کمزور ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں اتم کمار ریڈی ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں۔