اتم کمار ریڈی کو پنجاب میں کانگریس انتخابی مہم کی ذمہ داری

   

امرتسر میں گولڈن ٹمپل میں حاضری، چیف منسٹر کے ساتھ جلسوں میں شرکت
حیدرآباد۔11 ۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی کو پنجاب اسمبلی انتخابات کیلئے اے آئی سی سی مبصر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے اور وہ ان دنوں پنجاب کے ماجھا ریجن کے تحت آنے والے اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے آج کئی انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کو دوبارہ برسر اقتدار لاتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے ۔ اتم کمار ریڈی نے امرتسر کے تحت مختلف حلقوں میں چیف منسٹر چرنجیت چنی کے ساتھ جلسوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوام کانگریس کے ساتھ ہے۔ اتم کمار ریڈی نے مقامی کانگریس قائدین کے ساتھ ہرمندر صاحب گولڈن ٹمپل میں حاضری دی۔ انہوں نے گولڈن ٹمپل کامپلکس میں اکال تخت کا معائنہ کیا جو سکھ مذہب کے لئے اہم مرکزی مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے سنہری گردوارہ کے دورہ پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں سکھوں کی عظیم مذہبی مقام کے دورہ سے خوشی ہوئی ہے۔ ملک کے لئے سکھوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سماج کے ہر شعبہ میں سکھوں نے اپنی غیر معمولی خدمات کے نقوش چھوڑے ہیں۔ اتم کمار ریڈی انتخابی مہم کی تکمیل تک پنجاب میں قیام کریں گے۔ مقامی کانگریس قائدین کی ٹیم کو اتم کمار ریڈی کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے تاکہ روزانہ کئی حلقوں کا دورہ ہوسکے۔ر