اتم کمار ریڈی کی اہلیہ کے ساتھ سونیا گاندھی اور راہول سے ملاقات

   

حیدرآباد۔/13 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی اور ان کی اہلیہ شریمتی پدماوتی ریڈی نے آج نئی دہلی میں کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ اتم کمار ریڈی حالیہ اسمبلی انتخابات میں حضور نگر اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے ۔ تلنگانہ اسمبلی کے لئے منتخب ہونے کے بعد وہ لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کیلئے نئی دہلی پہنچے۔ ان کی اہلیہ پدماوتی ریڈی کوداڑ اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئی ہیں۔ دونوں نے سونیا گاندھی، راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں کانگریس کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ سونیا اور راہول نے اسمبلی کیلئے منتخب ہونے پر دونوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کانگریس نے جن 6 ضمانتوں کا اعلان کیا ہے ان پر بہرصورت عمل آوری ہوگی۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو جنوبی ہند کی ریاست تلنگانہ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ریاست میں کانگریس کی کامیابی میں ریونت ریڈی کے ساتھ اتم کمار ریڈی نے بھی اہم رول ادا کیا اور عوام سے ان کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کے ساتھ 6 ضمانتوں کا بھی وعدہ کیا ہے جن کے پورا کرنے کی سونیا گاندھی نے ہدایت دی ہے۔