اتم کمار ریڈی کی جیل پہنچ کر محروس کانگریس قائدین سے ملاقات

   

مقدمہ کے اخراجات برداشت کرنے کا بھروسہ، ایمبولنس گاڑی جیل کوبطور عطیہ پیش
حیدرآباد/13 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے حضور آباد جیل پہنچ کر جھوٹے مقدمات میں محروس قائدین سے ملاقات کی۔ چلکورو منڈل کانگریس قائدین کو ٹی آر ایس کی ایماء پر جھوٹے مقدمات کے تحت جیل بھیج دیا گیا ۔ اتم کمار نے جیل کے باہر کانگریس قائدین کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے قائدین کی رہائی اور مقدمہ کی تکمیل تک اخراجات شخصی طور پر برداشت کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ محروس قائدین کے خاندانوں کو مناسب امداد فراہم کی جائیگی۔ اتم کمار نے 8 لاکھ کے خرچ سے ایمبولنس کو جیل کیلئے عطیہ کیا۔ انہوں نے علاقہ میں مختلف راشن شاپس کا دورہ کرکے غریب خاندانوں کو دئے جانے والے چاول کے معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے راشن شاپس مالکین کو انتباہ دیا کہ وہ غیر معیاری چاول کی سربراہی سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی فوڈ اینڈ پبلک ڈسٹری بیوشن کمیٹی میں یہ مسئلہ پیش کریں گے۔ اتم کمار نے کہا کہ دھان اور چاول کی خریدی پر انہوں نے رائس ملرس اور فوڈ کارپوریشن انڈیا حکام سے بات کی ہے۔ اس موقع پر مقامی کانگریس قائدین نے مسائل سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام سے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہے۔ سرکاری ملازمتوں پر تقررات کا اعلان کیا گیا لیکن حکومت عاجلانہ بھرتی میں سنجیدہ نہیں ہے۔ حکومت کو 80 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا شیڈول جاری کرنا چاہیئے۔ر