حیدرآباد۔ 20 جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی سالگرہ تقریب گاندھی بھون میں منعقد ہوئی۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو اور دیگر سینئر قائدین نے 70 کیلو وزنی کیک کاٹا اور اتم کمار ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری بی کشن اور دیگر قائدین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے لیے اتم کمار ریڈی کی خدمات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں اتم کمار ریڈی نے پارٹی کی کامیابی کے لیے جدوجہد کی ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں تین نشستوں پر کامیابی اتم کمار ریڈی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ ہنمنت رائو نے اس موقع پر اتم کمار ریڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے پارلیمنٹ میں آواز اٹھائی جائے گی۔ انہوں نے پارٹی کے بعض گوشوں کی جانب سے اتم کمار ریڈی پر تنقیدوں کی مذمت کی اور کہا کہ انتخابات میں اتم کمار ریڈی کے ذریعہ بی فارم حاصل کرتے وقت قیادت بری نہیں تھی لیکن کامیابی کے بعد ٹی آر ایس میں انحراف کرتے ہوئے قیادت پر نکتہ چینی کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند ایک قائدین کے پارٹی چھوڑدینے سے کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ کانگریس پارٹی کا کیڈر دیہی سطح پر مستحکم ہے اور وہ حقیقی معنوں میں کانگریس کے محافظ ہیں۔
