اتم کمار ریڈی کی سوریہ پیٹ اور نلگنڈہ کلکٹرس سے نمائندگی

   

دلت اور گریجن طبقات کے دیرینہ مسائل کے حل کا مطالبہ
حیدرآباد۔6 ۔ستمبر (سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ایم پی نے آج کلکٹر سوریا پیٹ بی کرشنا ریڈی سے ملاقات کی اور مقامی مسائل کے سلسلہ میں نمائندگی کی۔ کانگریس پارٹی کے دلت گریجن آتما گورو پروگرام کے تحت اتم کمار ریڈی نے ضلع میں دلتوں اور قبائلی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی یاد دہانی کرائی ۔ ان کے ہمراہ پردیش کانگریس کے نائب صدر آر دامودر ریڈی ، صدر ضلع کانگریس وینکنا یادو ، جنرل سکریٹری پریم لال ، کوآرڈینیٹر سبا راؤ ، ترجمان سی راجیشور کے علاوہ مہیلا کانگریس ، یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے ضلع عہدیدار موجود تھے اتم کمار ریڈی نے کلکٹر کو بتایا کہ گزشتہ 7 برسوں میں کے سی آر حکومت نے دلت اور گریجن طبقات سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کلکٹر ضلع نلگنڈہ پرشانت پاٹل سے ملاقات کرتے ہوئے ایک اور یادداشت پیش کی ۔ اس موقع پر ضلع کانگریس صدر کے علاوہ مقامی قائدین اور میونسپلٹی میں پارٹی فلور لیڈر سرینواس ریڈی موجود تھے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو صرف انتخابات کے وقت دلتوں کی یاد آتی ہے ۔ حضور آباد ضمنی چناؤ کے پیش نظر دلت بندھو اسکیم کا اعلان کیا گیا ۔ انہوں نے سوریا پیٹ اور نلگنڈہ کے ضلع کلکٹرس سے خواہش کی کہ ضلع میں دلتوں کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنائیں ۔ اتم کمار ریڈی نے اپنے پارلیمانی حلقہ میں واقع راشن شاپس کا معائنہ کیا اور عوام سے چاول اور دیگر اشیائے ضروریہ کی سربراہی کے بارے میں معلومات حاصل کی۔R

انہوں نے کہا کہ راشن شاپس سے غیر معیاری چاول کی سربراہی کو وہ پارلیمنٹ میں موضوع بحث بنائیں گے ۔ ضلع کلکٹرس نے اتم کمار ریڈی کو تیقن دیا کہ وہ دلتوں اور گریجن طبقات کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے فلاحی اسکیمات پر عمل کریں گے۔ R