قائد اپوزیشن منتخب ہونے پر راہول گاندھی کو مبارکباد
حیدرآباد 27 جون (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے نئی دہلی میں کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد سونیا گاندھی سے یہ اُن کی پہلی ملاقات تھی۔ اتم کمار نے سونیا گاندھی کو لوک سبھا چناؤ میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ پر مبارکباد پیش کی۔ اُنھوں نے راہول گاندھی کو لوک سبھا میں قائد اپوزیشن عہدے پر انتخاب کا خیرمقدم کیا اور اُمید ظاہر کی کہ قائد اپوزیشن کے طور پر راہول جمہوریت، سیکولرازم اور دستور کے تحفظ کیلئے آواز اُٹھائیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال سے سونیا گاندھی کو واقف کرایا۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس حکومت نے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ کسانوں کو 2 لاکھ روپئے تک قرض معافی اسکیم پر 15 اگسٹ سے قبل عمل آوری کا آغاز ہوجائے گا۔ حکومت کی جانب سے عنقریب قرض معافی کے اہل کسانوں کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی کے مظاہرے کے بارے میں سونیا گاندھی کو تفصیلات پیش کیں۔ 1