اتم کمار ریڈی کی پردیش کانگریس صدارت سے استعفی کی پیشکش

   

دہلی میں سونیا گاندھی سے ملاقات ۔ 16 نومبر کے بعد مرکزی قیادت کی جانب سے کسی فیصلے کا امکان
حیدرآباد۔ 11 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت میں تبدیلی متوقع ہے کیونکہ موجودہ صدر پردیش کانگریس این اتم کمار ریڈی نے کہا جا رہا ہے کہ سونیا گاندھی سے ملاقات کی اور ان سے کہا کہ وہ نئے صدر کے تقرر کیلئے اپنے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں گے ۔ پارٹی ذرائع کے بموجب اتم کمار ریڈی نے اپنی شریک حیات و سابق رکن اسمبلی پدماوتی ریڈی کے ساتھ سونیا گاندھی سے ملاقات کی ۔ حضور نگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں شکست کے بعد اتم کمار ریڈی نے پارٹی سربراہ سے کہا کہ وہ پردیش کانگریس کی صدارت سے مستعفی ہوجائیں گے اور ریاست میں پارٹکی کی قیادت کیلئے سینئر قائدین میں سے کسی کو ذمہ داری سونپی جانی چاہئے ۔ ذرائع کے بموجب پارٹی رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی ‘ ایک اور رکن پارلیمنٹ کے وینکٹ ریڈی ‘ سابق وزیر و رکن اسمبلی ڈی سریدھبر بابو اور رکن اسمبلی ٹی جیون ریڈی کے علاوہ سابق وزیر کے جانا ریڈی بھی اس عہدہ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ تاہم ریونت ریڈی کو کچھ قائدین کی مخالفت کا سامنا ہے ۔ سابق رکن پارلیمنٹ وی ہنمنت راو ریونت ریڈی کی امیدواری کی مخالفت کر رہے ہیں۔ وہ پارٹی ہائی کمان سے کہہ رہے ہیں کہ ریونت ریڈی کی بجائے کسی بھی لیڈر کا تقرر عمل میں لایا جائے کیونکہ ریونت ریڈی نے صرف اسمبلی انتخابات سے عین قبل کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ پارٹی ہائی کمان امکان ہے کہ 16 نومبر کے بعد اس تعلق سے کوئی فیصلہ کریگی ۔