اتم کمار ریڈی کی پی سی سی صدارت پر برقراری کی تائید

   

تبدیلی کی صورت میں مجھے موقع دیا جائے ، جگاریڈی کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔/15 فبروری، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ وہ پی سی سی صدارت کی دوڑ میں سنجیدگی کے ساتھ شامل ہیں اور جنرل سکریٹری انچارج آر سی کنتیا سے ملاقات کرچکے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ انہوں نے پردیش کانگریس کی صدارت کا موقع دینے کیلئے کنتیا سے اپیل کی۔ انہوں نے بتایا کہ شیوراتری کے بعد وہ نئی دہلی روانہ ہوں گے اور صدر کانگریس سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے ملاقات کریں گے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ جذباتی سیاست چلنے والی نہیں ہے اور وہ عوام کی نبض کے مطابق کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں دولت اور ترقی کے درمیان امتیاز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں سینئر اور جونیر قائدین کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے وہ پارٹی کو دوبارہ برسراقتدار لاسکتے ہیں۔جگا ریڈی نے کہا کہ عوام ابھی بھی کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں کیونکہ کانگریس نے ہمیشہ عوام کی بھلائی پر توجہ دی۔ جگا ریڈی نے کہا کہ پردیش کانگریس کی صدارت گھر کا مسئلہ ہے لہذا وہ اسے سیاسی مسئلہ نہیں سمجھتے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پی سی سی صدر کو تبدیل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اتم کمار ریڈی کو برقرار رکھنا چاہیئے۔ اگر ہائی کمان تبدیلی کو ضروری سمجھتی ہے تو مجھے موقع دیا جائے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کانگریس کو برسراقتدار لانے کی میڈیسن ان کے پاس موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ سنگاریڈی میں مہاتما گاندھی کے ساتھ پنڈت جواہر لال نہرو کا مجسمہ بھی نصب کیا جائے گا۔ 60 فیٹ بلند نہرو کا مجسمہ نصب کریں گے۔ جدوجہد آزادی میں پنڈت نہرو کی خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ نہرو نے 23 سال کی عمر میں مہاتما گاندھی کے ساتھ مل کر جدوجہد آزادی میں حصہ لیا تھا۔ 3259 دنوں تک وہ جیل میں رہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایچ ای ایل، ناگر جنا ساگر اور سری رام ساگر پراجکٹس کی تعمیر پنڈت نہرو کا کارنامہ ہے۔
سیاست ٹی وی پر آج کیریئر گائیڈنس پروگرام کی نشریات
حیدرآباد ۔ 15 فبروری (سیاست نیوز) سیاست ٹی وی کے کیریئر گائیڈنس پروگرام میں ماہر تعلیم ایم اے حمید اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کی معلومات کو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔ اینکر محمد منیر نے بڑی عمدگی سے اس کو مرتب کیا ہے۔ اتوار کو 7 بجے اور 8:30 بجے سریئل کاسٹ کیا جائے گا۔ اس کو ہیتھ وے 279 پر ملاحظہ کرسکتے ہیں اور یوٹیوب پر مشاہدہ کرسکتے ہیں۔