حیدرآباد ۔ 19 ۔ اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے آج چیف سکریٹری ایس کے جوشی سے ملاقات کی اور اپنے پارلیمانی حلقہ سے متعلق مسائل پر نمائندگی کی۔ انہوں نے 1100 سالہ قدیم سری لکشمی نرسمہا سوامی مندر کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے کی درخواست کی جو دریائے کرشنا کے پانی میں غرق ہوچکی ہے۔ انہوں نے دریائے کرشنا کے سیلاب کے پانی کے سبب مختلف منڈلوں میں 600 سے زائد ایکر اراضی پر فصلوں کو ہوئے نقصانات کی تفصیلات بیان کی اور کسانوں کو معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے 27 قبائلی کسانوں کو معاوضہ کے طور پر دو کروڑ روپئے کی ادائیگی کی خواہش کی جن کی 20 ایکر اراضی پولی چنتلا پراجکٹ کیلئے حاصل کی گئی ۔ انہوں نے مختلف چھوٹے آبپاشی پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کی نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف منڈلوں میں پٹہ دار پاس بک ابھی تک جاری نہیں کئے گئے۔ اتم کمار ریڈی نے بی تانڈا علاقہ میں جو پالاکیڈو منڈل کے تحت ہے، لفٹ اریگیشن اسکیم کیلئے 25 کروڑ روپئے منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔ چیف سکریٹری نے مذکورہ مسائل پر عہدیداروں سے بات چیت کرنے کا تیقن دیا۔
