سمکا ساگر پراجکٹ کیلئے این او سی جاری کرنے سے اتفاق ، نلگنڈہ اور دیگر اضلاع کی آبی ضرورت کی تکمیل
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کی موثر نمائندگی پر چیف منسٹر چھتیس گڑھ وشنو دیو سائی نے سمکا ساگر پراجکٹ کی تعمیر کیلئے نو آبجکشن سرٹیفکٹ کی اجرائی سے اصولی طور پر اتفاق کرلیا ہے ۔ دریائے گوداوری پر تلنگانہ کی جانب سے یہ پراجکٹ تعمیر کیا جائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے آج عہدیداروں کے ہمراہ رائے پور میں چیف منسٹر چھتیس گڑھ وشنو دیو سائی سے ملاقات کی ۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر چھتیس گڑھ کے مثبت ردعمل پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پراجکٹ کے منصوبہ کو حقیقت میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے چیف منسٹر کو ایک یادداشت پیش کی جس میں پراجکٹ کی تفصیلات درج کی گئیں۔ چھتیس گڑھ کے متاثرین کو معاوضہ کی دائیگی اور بازآبادکاری کا تیقن دیا گیا۔ سنٹرل واٹر کمیشن کی جانب سے پراجکٹ کی منظوری کیلئے نو آبجکشن سرٹیفکٹ ضروری ہے۔ چیف منسٹر چھتیس گڑھ کے روبرو پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ سمکا ساگر بیاریج ملگ ضلع میں تعمیر کیا جا ئے گا۔ جس کی گنجائش 6.7 ٹی ایم سی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے خشک سالی سے متاثرہ اور فلورائیڈ سے متاثرہ اضلاع نلگنڈہ اور ورنگل کی پانی کی ضرورتوں کی تکمیل میں یہ پراجکٹ معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اضلاع میں پانی کی قلت کا سامنا ہے ۔ پراجکٹ سے نہ صرف آبپاشی بلکہ پینے کے پانی کی ضرورتوں کی تکمیل ہوگی۔ ورنگل ، سوریا پیٹ ، محبوب آباد ، جنگاؤں اور کھمم کے ساتھ ساتھ نلگنڈہ ضلع کے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سمکا ساگر پراجکٹ کے ذریعہ صاف پینے کے پانی کی سربراہی کے نتیجہ میں نلگنڈہ کے عوام فلورائیڈ کے مسئلہ سے نجات حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اراضی کے حصول اور معاوضہ کی ادائیگی کا کام جلد شروع ہوگا۔1