کانگریس قائدین اور کارکنوں کو ریلیف کے کاموں میں حصہ لینے کی اپیل
حیدرآباد۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے آج سوریہ پیٹ میں لاک ڈائون سے متاثرہ غریب خاندانوں میں اشیائے ضروریہ اور اجناس کی تقسیم عمل میں لائی۔ حضورنگر میں 200 صفائی کرم چاریوں، آنگن واڑی ورکرس اور آٹو ورکرس میں غذائی اجناس تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے کانگریس کارکنوں اور قائدین سے اپیل کی کہ اس مشکل گھڑی میں عوام کے درمیان رہ کر ان کی مدد کریں۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے بھی ریلیف کے کاموں کے سلسلہ میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفید راشن کارڈ ہولڈرس کو چاول کی تقسیم کے سلسلہ میں چیف منسٹر کو وضاحت کرنی چاہئے۔ حکومت کی جانب سے 12 کیلو جبکہ مرکز کی جانب سے 5 کیلو چاول کا اعلان کیا گیا۔ لیکن تلنگانہ حکومت صرف 12 کیلو چاول تقسیم کررہی ہے۔ مرکز کے 5 کیلو چاول کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔ انہوں نے ایسے غریب خاندانوں کو چاول کی تقسیم کا مطالبہ کیا جن کے پاس راشن کارڈ نہیں ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ خالی تھیلوں کی قلت سے نمٹنے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت نے کوئی احتیاطی قدم نہیں اٹھایا جس کے نتیجہ میں چاول کی منتقلی میں دشواری ہورہی ہے۔
