ڈیجیٹل کلاس روم کا وعدہ، کوداڑ سب جیل میں زیر دریافت قیدیوں سے ملاقات
حیدرآباد۔یکم؍ جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے سال نو کی خوشیاں جیل میں زیر دریافت قیدیوں اور اقامتی اسکول کی طالبات کے ساتھ منائی۔ حضورآباد سب جیل کا دورہ کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے زیر دریافت قیدیوں کو سال نو کی مبارکباد دی اور ان کے مسائل کی سماعت کی۔ خاندانوں سے دور رہنے والے زیر دریافت قیدیوں اور اقامتی اسکول کی طالبات کے ساتھ مسرت اور خوشیوں کے لمحات کا تبادلہ کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے سال نو کی خوشی منائی۔ اتم کمار ریڈی نے حضورآباد سب جیل کے قیدیوں سے ان کے مسائل کی سماعت کی اور ان کے بہتر مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے زیر دریافت قیدیوں کے ساتھ ناشتہ کیا اور انہیں تیقن دیا کہ سب جیل میں درپیش مسائل کے سلسلہ میں وہ متعلقہ حکام سے بات چیت کریں گے۔ زیر دریافت قیدیوں کی درخواست پر اتم کمار ریڈی نے شخصی طور پر ٹی وی بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ زیر دریافت قیدی اتم کمار ریڈی کے جذبہ خیرسگالی اور انسانی ہمدردی سے بے حد متاثر ہوئے۔ بعد میں رکن اسمبلی کوداڑ شریمتی این پدماوتی کے ہمراہ اتم کمار ریڈی نے اقلیتی اقامتی اسکول و جونیر کالج فار گرلز کوداڑ کا دورہ کیا۔ انہوں نے طالبات کے ساتھ لنچ کیا اور ان سے تعلیمی سرگرمیوں پر بات چیت کی۔ اتم کمار ریڈی اور ان کی شریک حیات نے طالبات کو بہتر تعلیم کے حصول کے ذریعہ اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کی صلاح دی۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے اقامتی اداروں کے ذریعہ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کے اقدامات کا ذکر کیا۔ لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے طالبات کیلئے علحدہ اسکولس و جونیر کالجس قائم کئے ہیں۔ انہوں نے طالبات کو تیقن دیا کہ مسابقتی امتحانات کیلئے اضافی بکس کی فراہمی اور صاف پینے کے پانی کیلئے آر او پلانٹ کے قیام اور ڈیجیٹل کلاس روم کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔ ریاستی وزیر اور ان کی شریک حیات کے دورہ سے طالبات میں مسرت کی لہر دوڑ گئی اور ان میں تعلیم کے حصول کا نیا جذبہ پیدا ہوا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال کی خوشیوں کو انہوں نے قیدیوں اور طالبات کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے جو اپنے خاندان سے دور ہیں۔1