بھوپال: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج ووٹنگ کے دن مدھیہ پردیش کے عوام سے اپیل کی ہے کہ کانگریس پارٹی کو مکمل مینڈیٹ چاہئے اور عوام کانگریس کو اتنی سیٹیں دیں کہ کوئی بھی حکومت چرا نہ سکے۔پرینکا گاندھی نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ آج الیکشن ہے اور مجھے یقین ہے کہ مدھیہ پردیش کے لوگ گھپلوں، چکنی چپڑی جھوٹی باتوں، لوگوں کو آپس میں لڑانے کی سازشوں اور کرسی کو جائیداد سمجھنے کی ذہنیت کو سخت سبق سکھائیں گے۔ عوام ہمیں بے پناہ محبت اور تعاون دے رہی ہے، لیکن آپ کی محبت کا اندازہ سادہ اکثریت سے نہیں لگے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ ہماری حکومت کو ایک مضبوط اور مکمل مینڈیٹ چاہئے، جس کی آہٹ خود آپ کے پیار اور جوشی سے ہی مل رہی ہے۔ اپنے ذہن کے طوفان کو آج ووٹوں میں تبدیل کر دیجئے۔ ہمیں اتنی سیٹیں جیت کر اسمبلی میں بھیجیں کہ کوئی ہماری، آپ کی حکومت چوری کرنے یا اغوا کرنے کا خواب بھی نہ دیکھ سکے۔ مجھے معلوم ہے، آپ میں یہ طاقت ہے۔دریں اثناء مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے اپنے آبائی حلقہ چھندواڑہ میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ کمل ناتھ کے ساتھ ان کے بیٹے اور چھندواڑہ کے ایم پی نکول ناتھ نے بھی ووٹ ڈالا۔ اس سے پہلے گزشتہ شب کمل ناتھ نے اپنے خاندان کے ساتھ چھندواڑہ سمریا ہنومان مندر میں پوجا کی اور ریاست کی خوشحالی کیلئے پرارتھنا کی۔
