اتوار کو ایک اور ہند ۔پاک مقابلہ ، ورلڈ کپ پر نظریں

   

کولمبو ۔یکم اکتوبر (ایجنسیز ) ایک اوراتوار ہوگا جہاں ہندوستان اور پاکستان ایک بار پھر ٹکرانے کے لیے تیار ہیں۔ جی ہاں، یہ مسلسل چوتھا اتوار میچ کے بغیر نہیں گزرے گا۔ پاکستان اور ہندوستان کے میچ کی سنسنی اس اتوار کو بھی دیکھنے کو ملے گا۔ فرق صرف اتنا ہوگا کہ اس بار ہندوستان کی خواتین پاکستان کو شکست کے دینے کیلئے میدان پر اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرتی نظر آئیں گی۔ اس بار سوریا کمار یادو کی ٹیم انڈیا نہیں بلکہ ہرمن پریت کورکی ہندوستانی ٹیم پاکستان کے خلاف میدان میں نظر آئے گی۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان یہ مقابلہویمنز ونڈے ورلڈ کپ کا میچ ہوگا۔ ہندوستان اور سری لنکا کی میزبانی میں خواتین کا ونڈے ورلڈ کپ شروع ہوگیا ہے۔ آئی سی سی کے اس ایونٹ میں آنے والے اتوار 5 اکتوبرکو ہندوستانی اور پاکستانی خواتین ٹیموں کے درمیان کرکٹ کی دوڑ دیکھنے کو ملے گی۔ مردوں اور خواتین کے مقابلے کو بھول کر اتوار کو یہ مسلسل چوتھا ہندستان پاکستان مقابلہ ہوگا۔اس سے قبل سوریاکمار یادو کی قیادت میں ہندوستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم نے تین اتوارکو ہونے والے میچوں میں پاکستان کو جامع شکست دی۔ ایشیا کپ 2025 کے گروپ مرحلے میں ہندوستان اور پاکستان کی مردوں کی ٹیمیں پہلی بار14 ستمبرکو ٹکرائیں، اس کے بعد 21 ستمبر کو سوپر فور راؤنڈ ہوا۔ اس کے بعد پاکستان 28 ستمبرکو ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں ہندوستان سے ہارگیا تھا۔ ہندوستان اور پاکستان کی خواتین ٹیمیں اب5 اکتوبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔ کولمبو میں ہونے والے اس میچ میں ہندوستانی خواتین ٹیم کا مقصد پاکستان کے خلاف اپنے ریکارڈ کو 12-0 سے بہترکرنا ہوگا۔ ہندوستان اور پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیمیں گزشتہ 20 برسوں میں11 مرتبہ ونڈے میچوں میں آمنے سامنے ہوئیں، ہر بار ہندوستان کی جیت ہوئی۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ 12واں موقع ہوگا جب ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں ونڈے میں آمنے سامنے ہوں گی۔ ہندوستانی خواتین ٹیم کے اب تک کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے، وہ اس آنے والے اتوارکو پاکستان کے خلاف 12-0 سے فتح حاصل کرنے کے لیے یقینی دکھائی دیتی ہے، لیکن امید کی جارہی ہے کہ مداحوں کو ایک اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔